جنتی زیور ۔ عورتوں کے لیے ایک بہترین کتاب
"جنتی زیور" اس نام سے ملتے جلتے ناموں کی اور بھی کچھ کتابیں ہیں، ہم جس کی بات کر رہے ہیں وہ حضرت علامہ عبد المصطفی اعظمی علیہ الرحمہ کی تصنیف ہے۔ یہ کتاب عورتوں کے لیے بہت مفید ہے۔

کتاب کے آغاز میں اختصار کے ساتھ بیان کیا گیا ہے کہ حضور اکرم ﷺ کی آمد سے پہلے عورتوں کے کتنے برے حالات تھے اور ان کے حقوق کو کس طرح قدموں تلے روندا جا رہا تھا، پھر حضور کی آمد سے عورتوں کو کیا عزتیں اور بلندیاں نصیب ہوئیں۔

اس کے بعد کتاب میں عورت کی زندگی کے معاملات پر تفصیلی کلام کیا گیا ہے۔ بچپن، بلوغت، نکاح وغیرہ عناوین کے ضمن میں بیوی کو کیسا ہونا چاہیے، بہو کے فرائض، ایک دوسرے کے حقوق، پردے کے احکام وغیرہ کو بیان کیا گیا ہے۔

پھر اخلاقیات پر لکھتے ہوئے مصنف نے بری عادتوں اور اچھی عادتوں کو بیان کیا ہے۔ غصہ، حسد، لالچ، کنجوسی، تکبر، چغلی، غیبت، جھوٹ، بدگمانی، ریاکاری اور پھر قناعت، حلم، صبر، شکر، حیا اور سادگی کی تفصیل شامل بیان ہے۔

رسومات کا بیان دلچسپ ہونے کے ساتھ ساتھ معلوماتی بھی ہے اور زمانے کے مطابق ضروری مسائل اس میں درج کیے گئے ہیں۔ جہیز کی رسم، تہواروں کی رسمیں، محرم کی رسمیں اور پھر مجالس و فاتحہ وغیرہ کے عنوان دیکھنے کو ملتے ہیں۔

ایمانیات، عبادات اور اسلامیات کے بیان میں سیکڑوں فقہی مسائل موجود ہیں جن کا سیکھنا ہر عورت پر فرض ہے۔ اس کے علاوہ سنتوں اور آداب کو بھی بیان کیا گیا ہے۔ اٹھنے بیٹھنے کے طریقے سے لے کر کھانے پینے اور سونے جاگنے تک کا بیان موجود ہے۔

آخر میں ان نیک اور پاک عورتوں کا تذکرہ کیا گیا ہے جن کی زندگی عورتوں کے لیے نمونہ ہے۔ امہات المومنین، کئی صحابیات اور صالحات کی زندگیوں کے کچھ پہلوؤں کو نقل کیا گیا ہے اور پھر ہدایات بیان کرنے کے بعد عملیات کے تحت مختلف سورتوں اور آیات سے علاج بیان کرتے ہوئے کتاب کو تکمیل تک پہنچایا گیا ہے۔

عورتوں کو اس کتاب کا مطالعہ کرنا چاہیے۔ یہ اردو اور ہندی میں موجود ہے۔

عبد مصطفی

Post a Comment

Leave Your Precious Comment Here

Previous Post Next Post